22 ممالک پر سفری پابندیوں میں 20 اپریل تک توسیع، برطانیہ فہرست سے خارج
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان نے برطانیہ کو سفری پابندی والے ملکوں کی فہرست سے نکال دیا۔ حکومت کی نئی ہدایت کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کی مشکلات ختم ہوجائیں گی۔ نوٹیفکیشن کے تحت برطانیہ کو پابندی والے ملکوں کی فہرست سی کیٹیگری سے نکال کر کیٹیگری بی میں شامل کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں اور چارٹرڈ فلائٹس کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردی ہیں، کیٹیگری سی میں شامل ملکوں کے مسافر پاکستان کاسفر نہیں کرسکتے۔ کیٹیگری سی میں جنوبی افریقا،کولمبیا، زمبابوے، گھانا سمیت 22 ملکوں کو شامل کیا گیا ہے۔ کیٹیگری بی میں شامل ملکوں سے آنے والے مسافروں کو پاکستان آنے سے 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی ایس او پیز 6 تا 20 اپریل تک قابل عمل ہوں گی۔ حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وجہ سے 22 ممالک پر عائد سفری پابندیوں کی مدت میں بیس اپریل تک توسیع کر دی ہے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصلہ کرونا وائرس کی تیسری خطرناک لہر کے خطرات بڑھنے کی وجہ سے کیا نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے سفری ہدایت نامے کی کیٹیگری سی میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ممالک کی نئی فہرست جاری کر دی گئی ہے اس میں این او سی کے بغیر ممالک کے مسافروں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔ معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے لندن اور مانچسٹر کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری کردیا۔ معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ سات خصوصی پروازیں اسلام آباد سے لندن اور مانچسٹر جائیں گی۔ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کے فیصلے کے بعد مسافروں کی سہولت کے لئے 9 اپریل تک پی آئی اے نے برطانیہ کیلئے 7 اضافی پروازیں چلانے کا شیڈول جا ری کر دیا ہے جن کے ذریعے فی پرواز 280 مسافر برطانیہ جا سکیں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق دوسری پرواز اتوار 4 اپریل کو اسلام آباد سے سہہ پہر 3 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہوئی ہے۔ اس سے قبل پہلی پرواز 2 فروری کو روانہ ہوئی جبکہ آج پیر کو تیسری پرواز اسلام آباد سے پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہو گی، اسی طرح چوتھی پرواز 6 اپریل کو، پانچویں اور چھٹی پرواز 7 اپریل کو اسلام آباد سے ہی روانہ ہوں گی اور اس سلسلہ کی ساتویں پرواز 8 اپریل کو شام 5 بجے روانہ ہو گی۔ یہ تمام پروازیں اسلام آباد سے روانہ ہوں گی جبکہ واپسی پر ملتان اور لاہور ایئر پورٹ پر پہنچیں گی جس کا شیدول جاری کر دیا گیا ہے۔ 9 اپریل کے بعد کوئی غیر برطانوی شہری برطانیہ داخل نہیں ہوسکے گا۔