• news

ایسٹر منایا گیا: وباء میں امید کا دامن نہ چھوڑیں: پوپ فرانسس

لاہور‘ اسلام آباد‘ ویٹی کن (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار + نیوز رپورٹر + آئی این پی) دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار منایا۔ اس موقع پر لاہور سمیت پاکستان کے گرجا گھروں میں مسیحی برادری نے بھی تہوار منایا اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر کہا ہمارے مسیحی شہریوں کو ایسٹر مبارک ہو۔ علاوہ ازیں ویٹی کن میں ہونے والی تقریب میں پوپ فرانسس نے خصوصی خطاب کیا اور شمع روشن کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو وبا کے دنوں میں امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ نکارا گووا میں ایسٹر کے موقع پر ریلی نکالی گئی۔ لوگوں کی بڑی تعداد ماسک لگا کر تہوار میں شریک ہوئی۔ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایسٹر کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ مسیحی برادری کے افراد نے قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائے۔ گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادریاں اپنے مذہبی تہوار منانے کے لئے آزاد ہیں کیونکہ آئین انہیں یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ اسلام آباد سے نیوز رپورٹر کے مطابق سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن