• news

ملک پر اربوں ڈالر قرض‘ کوئی پتہ نہیں رقم کہاں خرچ کی گئی: چیئرمین نیب

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو  کے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ  بزنس کمیونٹی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ خوشحال بزنس کمیونٹی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ نیب نے سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس اور انڈر انوائسز سے متعلق بزنس کمیونٹی کے معاملات قانون کے مطابق ایف بی آر کو بھیجے ہیں۔ نیب زیرو کرپشن سو فیصد ترقی پر یقین رکھتا ہے۔ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے رشوت اور اقربا پروری کو بڑی لعنت قرار دیا جو کہ ایک زہر بھی ہے۔ ہمیں اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک پر اربوں ڈالر کا قرضہ ہے اور کوئی پتہ نہیں کہ یہ رقم کہاں خرچ کی گئی۔ نیب ان لوگوں کے مقدمات کی پیروی کر رہا ہے جن کے پاس 1980 ء میں کچھ نہیں تھا تاہم اب وہ بڑی بڑی عمارتوں کے مالک بن چکے ہیں۔ یہ رقم کہاں سے حاصل کی۔ اب ان کے غیر قانونی اقدامات، اختیارات کے ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثہ جات، منی لانڈرنگ اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کے بارے میں ان سے پوچھا جا رہا ہے۔ نیب نے گذشتہ تین سال کے دوران487 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ نیب صرف ریاست پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے۔ نیب ایک کاروبار دوست ادارہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن