مہنگائی کنٹرول کریں یا ہمیں گھبرانے کی اجازت دے دیں: خاتون کا فون‘ وزیراعظم مسکرا دیئے
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) خاتون شہری نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے اگر آپ مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکے ہیں تو ہمیں گھبرانے کی اجازت دے دیں۔ وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز عوامی رابطوں کے سلسلے میں شہریوں کی ٹیلی فون کالز کا جواب دے رہے تھے۔ اسلام آباد سے امبرین قیوم نامی خاتون نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ میں مہنگائی کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہوں۔ مہنگائی دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور گزارا مشکل ہو رہا ہے۔ ہم بچوں کے سکول کی فیس دیں یا گھر کا خرچہ چلائیں؟۔ خدارا اپنا وعدہ پورا کریں اور مہنگائی کو کنٹرول کریں۔ اگر یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ جو آپ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ آپ کو گھبرانا نہیں ہے تو پھر آپ ہمیں گھبرانے کی اجازت دے دیں۔ خاتون کی یہ بات سن کر وزیراعظم مسکرا دیئے۔