غیر محفوظ اقلیتوں والے ملک تباہ ہو جاتے ہیں: چودھری سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جن ممالک میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہوتیں وہ ملک تباہ ہوجاتے ہیں۔ وہ ایسٹر کے حوالے سے اقلیتی ایڈ وئزری کونسل پنجاب کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پرصوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم‘ پولٹیکل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب میاں کاشف اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ان کو اس بات کا مکمل یقین دلاتاہوں کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت اقلیتوں کیساتھ کھڑی ہے اور ان کیساتھ کسی ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ڈپٹی چیئر مین سینٹ مرزا محمد آفر یدی کے ہمراہ کامیاب مذاکرات کے بعد فاٹا کے اسلامیہ یونیورسٹی بہا ئولپورکے طلباء نے گورنر ہائوس لاہورکے باہر16روز سے جاری دھر نہ ختم کر دیا جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے فاٹا سے 200 لڑکیوں سمیت سالانہ 1ہزار طلباء کو سکالر شپ 'فاٹا میں پنجاب یونیورسٹی اور گلگت میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا سب کیمپس بنانے کا اعلان کر دیا۔ مذاکرات 6گھنٹے تک جاری رہے جسکے بعد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے فاٹا کے طلباء کے تمام مطالبات کو تسلیم کر لیا ہے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد ڈپٹی چیئر مین سینٹ مرزا محمد آفر یدی کے ہمراہ مشتر کہ پر یس کانفرنس کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان‘ وزیراعلیٰ پنجاب‘ وفاقی وزیر تعلیم اور چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس مسئلہ کو حل کر نے کے لئے ہمارا ساتھ دیا ہے۔