بھٹو جیسے عظیم رہنما صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں، رحمان ملک
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سابق وزیرِداخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنماء رحمان ملک نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو انکے برسی پر زبردست خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسے عظیم رہنما صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں وہ اعلی سفارت کاری، ذہانت اور مدبرانہ سوچ کے مالک عالمی رہنما اور قوم کے محسن تھے جنہوں نے دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا،شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت ایک عدالتی قتل ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا بدقسمتی سے ذوالفقار علی بھٹو عدالتی ناانصافی کا نشانہ بنے اور ان کی موت ایک عدالتی قتل تھا،بطور ڈائریکٹر مجھے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں بھٹو شہید کی تفتیشی فائلوں کو دیکھنے کا موقع ملا، پولیس فائلز، بیانات اور ریکارڈ میں جعل سازی دیکھ کر میں حیرت زدہ رہ گیا یہ واحد قتل کیس ہے جہاں دو بار ایک اسلام آباد پھر لاہور میں 164 بیانات ریکارڈ کیے گئے تھے،مسعود محمود نے اسلام آباد میں وزیر اعظم بھٹو کے حق میں مجسٹریٹ غضنفر ضیا ء کے سامنے پہلا بیان دیا تھا،پھر لاہور لے جایا گیا تھا اور مسعود محمود نے بھٹو شہید کے خلاف ایک اور مجسٹریٹ مسٹر بشیر کے سامنے بیان دیا، غضنفر ضیا نے مسعود محمود کے پہلے بیان کو تبدیل کرنے سے انکار کردیا تھا، جعلی سازی کرکے بھٹو شہید کو اس قتل کیس میں ملوث کر دیا گیا۔