• news

پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم مسلم لیگ ن کیخلاف 11نکاتی چارج شیٹ جاری کردی

لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف 11نکاتی چارج شیٹ  جاری کر دی ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کو نوٹس جاری کیا تو میں پنجاب چیپٹر کے صدر کو نوٹس جاری کر دوں گا۔ چودھری منظور نے چارج شیٹ جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے کہ لانگ مارچ سے قبل پی ڈی ایم جماعتوں کا اجلاس کیوں نہیں بلایا گیا۔ پنجاب میں لانگ مارچ کی تیاری کیوں نہیں کی گئی؟۔ لانگ مارچ گوجرانوالہ اور لاہور کے جلسوں سے بڑا ایونٹ تھا۔ سینٹ میں (ن) لیگ نے پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ عظیم کو انتظار کرا کے پی ٹی آئی کیساتھ مک مکا کس کے کہنے پر کیا؟۔ کے پی میں (ن) لیگ نے عباس آفریدی کو دستبردار کرانے کی بجائے کیوں لڑایا، جس وجہ سے وہ خود اور فرحت اللہ بابر بھی ہار گئے۔ (ن) لیگ نے میثاق جمہوریت پر دستخط کے باوجود رانا مقبول (جس نے زرداری کی جیل میں زبان کاٹی اور تشدد کیا) اور اعظم نذیر تارڑ (جو بے نظیر بھٹو کیس کے مجرموں کا وکیل ہے) جیسے لوگوں کو سینٹ ٹکٹ کیوں دئیے؟۔ آصف زردای پر تشدد اور بی بی شہید کیس کے مجرموں کی حمایت پر کیوں مجبور کیا جا رہا ہے؟۔ چودھری منظور نے کہا کہ بتایا جائے (ن) لیگ کا بطور اکثریتی جماعت قومی اور پنجاب اسمبلی میں جے یو آئی کا کے پی کے اور بلوچستان اسمبلی جبکہ پی ٹی آئی کا سندھ اسمبلی میں سنگل لارجسٹ پارٹی کے طور پر اپوزیشن لیڈرز ہیں تو سینٹ میں پیپلز پارٹی کا اپوزیشن لیڈر کیوں نہیں ہو سکتا؟۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ کیا گیا سینٹ معاہدہ کیوں توڑا گیا؟۔ صرف پیپلز پارٹی کے لیے اپوزیشن لیڈر کے فارمولے سے کیوں انحراف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پی ڈی ایم کا نوٹس ابھی تک نہیں ملا مگر ہمارا نوٹس تیار ہو چکا ہے جو جلد انہیں مل جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن