قومی اسمبلی ایک دن کے سوا تمام اجلاس کورم کی نزر
قومی اسمبلی کے رواں سیشن کے اجلاس بھی کورم کی کمی کا شکار رہے۔ رواں سیشن میں چار روز ہو نے والے اجلاسوں میں ایک دن کے سوا تمام اجلاس کورم کی نذر ہو گئے۔ دوسری جانب سینٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے الگ الگ نشستوں کے مطالبے سے تقسیم کا فائدہ حکومت کو ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کو ’’سکڈ میزائل‘‘ قرار دے دیا۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ نیب چیئرمین ہم نے نہیں لگایا۔ پی ایم پورٹل کا جواب ہے کہ معاملہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ ادھر سینٹ کے اجلاس میں اپوزیشن نے چیئرمین سینٹ کے انتخابات کے دوران پولنگ بوتھ میں کیمرے لگانے کے معاملے کی فرانزک تحقیقات کر انے کا مطالبہ کیا، آزاد سینیٹرزپر مشتمل دلاور خان گروپ نے سینٹ سے الگ نشستیں الاٹ نہ کرنے پر واک آئوٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے رویہ دلبرداشتہ ہیں جس کے پیش نظر ہم اس ایوان سے بطور احتجاج جا رہے ہیں۔ایوان بالا میں حکومت کو اپوزیشن کے ہاتھوں اس وقت شکست کا سامنا کرنا پڑا جب جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضی کی جانب سے پیش کی گئی عوام کو انسداد کرونا ویکسین کی مفت یا عالمی منڈی کے مطابق اصل قیمت پر فراہمی کی قرارداد حکومت کی مخالفت کے باوجود کثرت رائے سے منظور ہو گئی۔