• news

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیدی 

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو بھرپور موقع دیناچاہتا ہوں۔ سٹیٹ بنک پرجتنے دن بات کرنا چاہتے ہیں ایوان میں آئیں۔ قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کا صوابی ڈسٹرکٹ بار میں تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان اسمبلی میں آئیں اورکھل کربحث کریں، اپوزیشن اور حکومت اپنا موقف دے تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ عوام کے مسائل کیلئے کون بول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب الیکشن ہوتا ہے سب شور مچاتے ہیں۔ الیکشن سے متعلق آئیں اور مکینزم تیار کریں۔ الیکٹوریل ریفارم جس طرح اپوزیشن چاہتی ہیں ہم تیار ہیں۔ ایسا مکینزم ہوکہ اپوزیشن اور دنیا تسلیم کرے۔ وزیراعظم سے بھی بات کی ہے۔ اپوزیشن کے ساتھ بھی رابطے میں ہوں دعوت دیتا ہوں۔ آئیں الیکٹوریل اور جوڈیشل ریفارم کریں،آئیں مہنگائی اوردیگرمسائل پر بات کرتے ہیں۔دریں  اثناء سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر فواد چودھری نے ملاقات کی جس میں انتخابی اصلاحات اور جوڈیشل ریفارمز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ انتخابی اور جوڈیشل اصلاحات میں اپوزیشن جماعتوں کی تجاویز اہمیت کی حامل ہیں۔ مفصل بحث کا موقع فراہم کیا جائیگا۔صوابی سے نامہ نگار کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وہ 8اپریل سے افغانستان کا دورہ کرینگے ۔اس موقع پر وہ افغان صدر اشرف غنی ، عبداللہ عبداللہ اور وہاں کے سینٹ و قومی اسمبلی کے سپیکر سے ملاقاتوں کے دوران پاک افغان تجارت بڑھانے اور ویزہ پالیسی تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن