• news

 وزیراعظم جلد ملک کو مشکل صورتحال سے نکال لیں گے

لاہور (خصوصی  نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار نے مسلم لیگی ایم این اے سالک حسین کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا جس میں صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیر الدین، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ پنجاب طاہر خورشید، کمشنر گوجرانوالہ ذوالفقار گھمن، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس قیصر بریار، بہروز راجہ، انصر بریار سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ سالک حسین نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں ہماری جماعت عوامی ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔ وزیراعظم عمران خان جلد ملک کو مشکل صورتحال سے نکال لیں گے۔ کرونا کی وجہ سے معاشی صورتحال میں بہتری کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کابینہ کو ہدایات جاری کرتے رہتے ہیں۔  اتحادی جماعت ہونے کے ناطے ہم مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ سلیم بریار نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے تمام پارٹی ارکان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ہر محاذ پر حکومتی پالیسی کا دفاع کریں۔ ہماری پارٹی بغیر کسی لالچ و مفاد کے پی ٹی آئی کی حمایت کر رہے ہیں۔  مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف نے جنرل الیکشن مل کر لڑا تھا۔ آئندہ بھی بلدیاتی  ہوں یا جنرل الیکشن دونوں جماعتیں باہمی تعاون کے ساتھ عوامی خدمت کے اس سفر کو جاری رکھیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن