نابینا پاکستانی طالبہ کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی سکالرشپ مل گئی
لندن+ واشنگٹن (عارف چوہدری +آئی این پی ) امریکا کی جارج ٹاون یونیورسٹی کے قطر کیمپس کی طالبہ خنسہ ماریہ کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں 2021 کے موسم خزاں کے لیے پاکستان سے رہوڈ اسکالر چنا گیا ہے۔ خنسہ ماریہ بینائی سے محروم ہیں۔ پاکستان میں دورانِ تعلیم بینائی سے محرومی کی وجہ سے انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس لیے جسمانی کمی کا شکار افراد کے لیے کچھ کرنے کے قابل ہونے کا خیال ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ خنسہ ماریہ رہوڈ اسکالرشپ کے تحت آکسفورڈ یونیورسٹی سے ماسٹرز کریں گی۔ ان کی ماسٹرز کی ڈگری حقیقت پر مبنی پالیسیاں بنانے اور سماجی تشخیص کے موضوع پر ہو گی۔ وہ اس اسکالرشپ کو اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتی ہیں۔