وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت درخواست پرہائیکورٹ نے اعتراض اُٹھایا
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے ٹی وی پروگرام میں عدلیہ مخالف بیان کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھادیا ہے اور اس کے قابل سماعت ہونے پر 9 اپریل کو معاونت طلب کرلی ، جسٹس علی باقر نجفی کے روبروسردار فرحت منظور چانڈیو نے درخواست میں وزیر اعظم عمران خان کی عدلیہ مخالف بیان کی نشاندہی کی ، وکیل نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ایک ٹی وی پروگرام میں عدلیہ مخالف بیان دیا ہے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ یہ درخواست کس طرح قابل سماعت ہے؟ وکیل نے موقف اپنایا کہ پارلیمنٹ میں بھی عدلیہ مخالف بیان نہیں دیا جاسکتا،عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت کی ،ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے بھی درخواست کی مخالفت کی اور اسے ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی۔