حکومت کرونا پر قابو پانے کیلئے مفت ویکسین فراہم کرے:جاوید قصوری
لاہور( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کرونا کی صورت حال دن بدن گھمبیر ہوتی چلی جارہی ہے۔ کرونا کے باعث اموات ہو رہی ہیں اورحکومت سنگین صورتحال میں بھی بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ کرونا ویکسین جو دنیابھر میں 1500روپے میں دستیاب ہے پاکستان میں اس کی قیمت 8ہزار 4سو روپے ہے۔ کرونا وبا کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے ویکسین مفت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے مگر اس کو آڑ بناکر لوگوں کو پریشان کرنا ، کاروبار زبردستی بند کرانادرست نہیں۔ حکومت دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ تحریک انصاف کی تبدیلی سے نجات حاصل کرنا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ 22کروڑ عوام تینوں پارٹیوں کی حقیقت جان چکے ہیں۔ ان سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ ہسپتالوں میں کرونا ویکسی نیشن غائب ہونے کی اطلاعات بھی تشویشنا ک ہیں۔ بااثر افراد کے گھروں میں ویکسی نیشن لگوانے کی خبریں میڈیا میں آچکی ہیں۔