• news

فخر زمان کی پھر شاندار سنچری پاکستان نے 8سال بعد جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی

لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان نے جنوبی افریقہ کے تیسرے ون ڈے میچ میں28رنز سے شکست دے کر 8سال بعد پروٹیز کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی ۔ سنچورین میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ سپرلیگ کے سلسلہ میں سیریز کے فیصلہ کن میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان بیوما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ گرین شرٹس نے فخرزمان کی سنچری کی بدولت 7وکٹوں پر 320رنز بنائے ۔ حسن علی اور بابراعظم نے آخری 18 گیندوں میں چھکوں کی بارش کرتے ہوئے 56 رنز جوڑے۔ گزشتہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے سے محروم رہ جانے والے فخر زمان نے اپنی فارم برقرار رکھی اور مسلسل دوسرے میچ میں بھی سنچری سکور کی۔ انھوں نے 57 رنز بنانے والے امام الحق کے ساتھ پہلی ہی وکٹ پر 112 رنز کی پارٹنر شب بنائی۔ فخر نے کپتان بابر اعظم کیساتھ 94 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، اور خود 101 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے۔ کپتان بابر اعظم کا ساتھ دینے کیلئے آنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوتے گئے، تاہم بابر نے اپنا عمدہ کھیل جاری رکھا اور ٹیم کو 300 رنز کے قریب پہنچایا۔ ایک موقع پر پاکستان کے لیے 300 رنز کا ہندسہ عبور کرنا بھی مشکل دکھائی دے رہا تھا، ایسے میں حسن علی نے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے صرف 11 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ٹیم کو 320 رنز تک پہنچایا۔ بابر اعظم اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 94 رنز پر اننگز کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔محمد رضوان دو ‘ سرفراز احمد تیرہ ‘فہیم اشرف ایک اور محمد نواز چار رنز بناسکے ۔ کاشیو مہاراج نے تین ‘ایڈن مارکرم نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں جنوبی افریقن ٹیم292رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ ایڈن مارکرم 18‘جے سمٹس 17‘کپتان ٹیمبا بیوما 20‘ہنرچ کلاسین چار اور جینے مین میلان 70‘ کائل ویرینے 62اور اینڈائل فیلکواویو 54‘کاشیو مہاراج 19‘بیورن ہینڈرکس ایک‘ڈیرن ڈیوپا ولین 17 رنز بناکر پویلین لوٹے ۔ محمد نواز اورشاہین شاہ آفریدی نے تین تین ‘حارث رئوف نے دو ‘حسن علی اور عثمان قادر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔بابر اعظم کو میچ‘ فخر زمان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2013-14ء میں کھلی جانیو الی سیریز میں دو ایک سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 10اپریل سے ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن