ڈسکہ الیکشن 47 پولنگ سٹیشن حساس ترین‘ سکیورٹی کو حتمی شکل دے دی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا اعلان
لاہور+اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے+وقائع نگار خصوصی) ڈسکہ ضمنی الیکشن نازک موڑ پر آ گیا۔ تیاریاں مکمل ہیں پر الیکشن ملتوی کرنے کیلئے درخواستیں بھی الیکشن کمشن میں آ گئی ہیں۔ پولنگ سٹیشنوں کے گرد 100 میٹر تک دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ فوج اور رینجرز کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ڈسکہ این اے 75 میں تاحال کشیدگی برقرار ہے۔ عوام میں خوف پایا جا رہا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ دوبارہ معاملات سنگین ہو سکتے ہیں۔ 21 متنازع پریذائیڈنگ آفیسرز کو الیکشن ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ممکنہ طور پر 10 اپریل کو ہونے والے الیکشن کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ حلقہ کے 360 پولنگ سٹیشنز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 47 حساس ترین پولنگ سٹیشن اے 176 احساس بی اور 137 سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔ حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کیمرے بھی لگا دیئے گئے ہیں۔ رینجرز کے 1048 اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔ فوج کی 10 ٹیمیں بھی کوئیک رسپانس فورس کے طور پر موجود ہوں گی۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ہونے والے متنازعہ ضمنی انتخابات کے معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا اعلان کر دیا۔ انکوائری افسر تمام وفاقی و صوبائی اداروں سے مدد لے سکتا ہے۔ انکوائری آفیسر 15 مئی تک اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کریگا۔