سینٹ الیکشن میں کیمرہ برآمدگی کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سینٹ سیکرٹریٹ نے سینٹ الیکشن میں کیمرہ برآمدگی کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی کمیٹی ایک ماہ میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔جمعرات کو سینٹ سیکرٹریٹ نے سینیٹ الیکشن کے دوران کیمرہ برآمدگی کے معاملے کی تحقیقات کیلئے چھ ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے نوٹی فیکشن جاری کردیا۔کمیٹی میں وزیر ریلوے اعظم سواتی، مسلم لیگ (ن)کے سینیٹررانا مقبول ،بلوچستان عوامی پارٹی (باپ)کے سینیٹر سرفراز بگٹی،پیپلزپارٹی کے سینیٹر سکندر میندھرو ، جے یو آئی (ف)کے سینیٹرطلحہ محمود اور فاٹا سے آزاد سینیٹر ہدایت اللہ شامل ہیں ۔ کمیٹی ایک ماہ میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔خیال رہے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن سے قبل ہال سے خفیہ کیمرے برآمد ہوئے تھے۔