نیا پاکستان اپارٹمنٹس وعدے کی تکمیل، عوام کیلئے ڈٹ کر کھڑا ہوں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب میں بے گھر افراد کے لئے حکومت پنجاب کا شاندار اقدام، ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کے لئے اپلائی کرنے کا عمل مکمل ہو گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس بے گھروں کو چھت دینے کے وعدے کی تکمیل ہے۔ حکومت پنجاب نے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر کے سنگ میل عبور کر لیا۔ 8500 کنال پر 35 ہزار سے زائد اپارٹمنٹس بناکر وعدہ پورا کریں گے۔ پہلے مرحلے میں 4 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ چھوٹے ملازمین کو نرم شرائط پر قرضے اور وفاقی حکومت کی طرف سے سبسڈی بھی دی جائے گی۔ نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے تحت 2 ہزار عام شہریوں کو اور 2ہزار صوبائی، وفاقی حکومت اور ایل ڈی اے ملازمین کو بذریعہ قرعہ اندازی دئیے جائیں گے۔ 50ہزار ماہانہ سے کم تنخواہ والے ملازمین اپارٹمنٹس کے لئے اپلائی کرسکیں گے۔ پہلے فیز میں 4ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کا پراجیکٹ صرف ڈیڑھ سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ نیا پاکستان اپارٹمنٹس گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا جس سے لاکھوں خاندان مستفید ہوسکیں گے۔ اللہ تعالیٰ پر پورا بھروسہ ہے۔ مخالفین میرا اعتماد متزلزل نہیں کر سکتے۔ عوام نے اعتماد کیا۔ اللہ تعالیٰ نے منصب عطا کیا۔ اب عوام کے حق کیلئے ڈٹ کر کھڑا ہوں۔ حکومت گرانے کے خواب دیکھنے والے خود گر چکے ہیں۔ انتشار کی سیاست کرنے والے خود منتشر ہوکر نشان عبرت بن چکے ہیں۔ پنجاب کی ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ عوام کے اعتماد پر یقین رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ پنجاب کی یکساں ترقی کیلئے اپنا سفر جاری رکھوں گا۔ پنجاب بدل رہا ہے ترقی آ رہی ہے۔ تیزی سے خوشحال پاکستان کے سنگ میل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔ ترقی کے سفر میں ہر پاکستانی شریک ہوگا۔ ہر چیلنج سے نمٹا جانتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کبھی ہمت نہیں ہارتے۔ کرونا کی وجہ سے مشکل ضرور ہے لیکن ترقی کا سفر رکنے نہیں دیں گے۔ عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے ملاقات کی۔ سپریم کورٹ پاکستان ون مین کمیشن کی ہدایت پر عدالتی احکامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اقلیتوں کے امور کے بارے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی اور اقلیتوں کیلئے مختص خالی آسامیوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ عثمان بزدار نے خوشاب کے قریب وین پر فائرنگ سے چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیا اور آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار نے چودھری شجاعت حسین، چودھری وجاہت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے کزن ساجد حسین چٹھہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔