یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینٹ کے انتخابات کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کردی
اسلام آباد (وقائع نگار) سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینٹ کے انتخابات کے خلاف انٹراکورٹ اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی۔ بیرسٹر عثمان، ملک جاوید اقبال اور فاروق ایچ نائیک کے ذریعے دائر درخواست میں وفاقی حکومت، پرایزائیڈنگ افسر مظفر حسین شاہ، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا کہ3مارچ 2021ء سینٹ انتخابات میں پی ڈی ایم کے ٹکٹ پر حکمران جماعت کے امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دی۔ 12 مارچ کو چیئرمین سینٹ کے انتخابات میں حکومت نے اپنا اثرورسوخ استعمال کیا۔ حکومت نے پولنگ بوتھ میں غیر قانونی طور پر کیمرے لگوائے۔ حکومتی اقدام کے خلاف فاروق ایچ نائیک اور سعید غنی نے سیکرٹری سینٹ کو درخواست دی۔ استدعا ہے کہ عدالت 24 مارچ کے سنگل بینچ کے فیصلہ کو کالعدم قرار دے۔ چیئرمین سینٹ کے انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔ پریذائیڈنگ افسر کی طرف سے 7مسترد ووٹوں کا فیصلہ کالعدم، صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹاکر مجھے کامیاب چیئرمین سینٹ قرار دیا جائے۔