کلبھوشن کیس ‘بھارتی سفارتخانے کے وکیل کی پیروی سے معذرت
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) پانچ قیدیوں کے کیس میں بھارتی سفارتخانے کے وکیل نے کلبھوشن کیس میں پیروی سے معذرت کر لی۔ بیرسٹر شاہ نواز نے کہا کہ کلبھوشن کیس میں میرے پاس کوئی وکالت نامہ نہیں ہے۔ کلبھوشن کیس میں بھارت کی جانب سے کوئی بیان نہیں دے سکتا۔ جسپال کیس میں بھارتی سفارتخانے نے مجھے وکیل نامزد کیا تھا۔ جسپال کیس پانچوں قیدیوں کے رہا ہونے پر غیر موثر ہو چکا۔ عدالت سے درخواست ہے جسپال کیس کو نمٹا دیا جائے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ میں ایک ممبر کی عدم موجودگی کے باعث کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کر دی گئی۔