راجہ یاسرہمایوں کی زیرصدارت یونیورسٹی آف چکوال سنڈیکیٹ کا چوتھا اجلاس
چکوال(نامہ نگار)صوبائی وزیرہائیرایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسرہمایوں کی زیرصدار ت یونیورسٹی آف چکوال سنڈیکیٹ کا چوتھا اجلاس کمیٹی روم لاہور بورڈ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبرصوبائی اسمبلی و ممبر ان سنڈیکیٹ راجہ یاسرکمال خان، میجرجنرل (ر) محمد یعقوب خان، محمد رفیق طاہر، پروفیسر ڈاکٹرقمرالزمان، حافظ محمد اختر کے علاوہ محکمہ ہائیرایجوکیشن، لاء اور فنانس کے نمائندگان نے شرکت کی۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف چکوال نے مختلف ایجنڈا آئٹمز سینڈیکیٹ میں منظوری کے لئے پیش کئے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں چکوال یونیورسٹی کو ایک مثالی تعلیمی ادارہ بنانے کے لئے محدود وسائل کے ساتھ بہترین اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں ریگولرسٹاف کی بھرتی کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے جس پر صوبائی وزیرراجہ یاسرہمایوں نے کہا کہ نئی بننے والی چکوال یونیورسٹی میں اساتذہ اور سٹاف کی بھرتی اور ہر قسم کی پروکیورمنٹ کے عمل کے دوران شفافیت کو ہرقیمت پر مدنظر رکھا جائے۔