• news

مہنگائی بڑا چیلنج جہانگیر ترین کو خدشات ہیں تو عمران خان کا دروازہ کھلا شاہ محمود

ملتان/ اسلام آباد (خبرنگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کشمیریوں پر مظالم بند کرے تو مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ اندرونی دباؤ کی وجہ سے بھارت کے رویہ میں کسی حد تک لچک آئی ہے لیکن ہم کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے، ہندوستان کے ساتھ مسائل کا حل جنگ نہیں ہے۔ دو ایٹمی طاقتیں جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتیں۔ مذاکرات کے علاوہ امن کے لیے اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ بھارت کے ساتھ مذاکرات کا مطلب یہ نہیں کہ کشمیر کا سودا کر دیا ہے۔کشمیر کے لوگوں کو اگر کوئی ریلیف ملتا ہے تو اچھا ہے۔ سکھ یاتری اپنی حکومت کو منا لیں اور آنے کی اجازت لے لیں۔ حکومت کو جہانگیر ترین سے کوئی خطرہ نہیں۔ تحریک انصاف کی ٹکٹ پر جو منتخب ہوئے وہ سب عمران خان کے پابند ہیں۔ جو آزاد حیثیت سے آئے تھے انہوں نے آ کر تحریک انصاف میں سر نڈر کیا۔ جہانگیر ترین کو اگر کچھ خدشات ہیں تو عمران خان کا دروازہ کھلا ہے۔ 17 شوگر ملوں کو نوٹس دیئے گئے ہیں اکیلے ترین کی مل کو نوٹس نہیں دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کسی کے لئے انتقامی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن رمضان ریلیف پیکیج کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے کل لاہور میں جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی و وزراء سے وزیراعلیٰ کی موجودگی میں ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے 29 مارچ کواختیارات سلب کرنے والا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دسمبر 2020 کا نوٹیفکیشن کابینہ نے منظورکیا تھا۔ وزیراعظم جلد ملتان اور بہاولپور میں سکریٹریٹ کا سنگ بنیادرکھیں گے، ماضی میں جنوبی پنجاب کیلئے مختص رقم دوسرے منصوبوں پر لگا دی جاتی تھی۔ پنجاب کے وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی سربراہی میں سب کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔ جو مزید بزنس رولز پر اپنی سفارشات پیش کریگی۔ انہوں نے کہا ہمارا سب سے بڑا چیلنج مہنگائی کوکنٹرول کرنا ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ہمارا مقابلہ بہت بڑے مافیا سے ہے۔ ہم ان مافیاز، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ وزیراعظم مہنگائی پر ہر ہفتے بریفنگ لیتے ہیں، پاکستان کا روپیہ اب مستحکم ہونا شروع ہوگیا ہے، روپے کی بہتری سے امپورٹڈ اشیا کی قیمتوں پرفرق پڑے گا۔ ڈالر کی قیمت 166 سے کم ہو کر 152 پر آگئی ہے۔ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ رمضان میں شہریوں کو سستی اشیاء فراہم ہوں۔ رمضان میں رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے جنہیں بعد میں سہولت بازار میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ایک دہائی کے بعد روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا میں عنقریب ایران جا رہا ہوں جہاں تاجکستان کے ہم منصب سے بھی ملاقات ہوگی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی آج دو روزہ  دورہ پر جرمنی روانہ ہونگے، وزیر خارجہ، جرمن ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی (گیارہ سے تیرہ اپریل)  دو روزہ جرمنی کے دورہ پر روانہ ہوں، وزیر خارجہ، جرمن ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن