• news

مسلم لیگ (ن) کسی دوسرے کے کھیل کا حصہ بننے کو تیار نہیں: احسن اقبال

نارووال (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ (ن) لیگ پنجاب میں کسی دوسرے کے کھیل کا حصہ بننے کو تیار نہیں۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ڈسکہ جیت نے ثابت کردیا کہ 19فروری کو نیازی حکومت نے چوری کی تھی۔ ڈسکہ انتخابی نتیجے نے عمران خان کو سرٹیفائیڈ ووٹ چور ہونے کا سرٹیفکیٹ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ 19 فروری کو جس نے پریذائیڈنگ افسران کو اغوا کیا، اس نے آئین پر حملہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کو آزاد اور منصفانہ الیکشن پر مبارکباد دیتا ہوں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اناڑی اور نالائق مافیا کے کپتان ہیں۔ یہ حکومت پاکستان کیلئے خطرہ جان بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ جہانگیر ترین کا معاملہ پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے۔ ان کا (ن) لیگ سے کوئی رابطہ نہیں۔ جہانگیر ترین کا طوفان شاید پنجاب میں تبدیلی کی حد تک ہی ہوگا۔ جہانگیر ترین کا معاملہ پی ٹی آئی کا اندرونی معاملہ ہے۔ ان کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ جہانگیر ترین کا جو طوفان کھڑا ہے یہ شاید پنجاب کے اندر تبدیلی کی حد تک ہو گا۔  عمران خان پنجاب میں عثمان بزدار کی وکٹ نہیں گرنے دے رہے۔ انہیں کسی نے کہا ہے دو ’’عینوں‘‘ کی پارٹنر شپ ٹوٹی ایک ’’ع‘‘ کی وکٹ گری تو دوسری ’’ع‘‘ کی وکٹ بھی گر جائے گی۔ الیکشن کمشن کو آزاد منصفانہ الیکشن پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ عمران نیازی بے نقاب ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں ان کا احترام کرتے ہیں۔ بلاول سے جو وضاحت مانگی گئی اس نوٹس کو پھاڑ دیا تو انہوں نے پی ڈی ایم کے ساتھ اپنی وابستگی کو بھی ریزہ ریزہ کر دیا۔ یہ بہت ہتک آمیز رویہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن