• news

کرونا خطرناک دن 114موات شدیدمتاثرہ شہروں میں سخت پابندیوں کی سفارش

اسلام آباد ، لاہور (وقائع نگار خصوصی+سٹی رپورٹر)  پاکستان میں کرونا کے وار مزید  تیز ہو گئے،اتوار کا دن خطرناک ترین رہا، مزید 114مریض جان سے گئے، انتقال کرنے والوں کی تعداد15443 تک پہنچ گئی۔  5050نئے کیسز سامنے آئے، مجموعی تعداد 7 لاکھ21ہزار18تک پہنچ گئی۔  مجموعی طور پر 6 لاکھ31ہزار700 مریض صحت یاب ہو چکے۔ این سی اوسی کے مطابق انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح2.1 فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح87.6   فیصد تک ہے۔ پنجاب اموات اور فعال کیسز میں پہلے نمبر پر ہے۔ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے کرونا نے بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس کو بتایا کہ ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد کم پڑ رہی ہے۔  لاہور میں مثبت کیسز 19 فیصد، سرگودھا اور فیصل آباد میں 17، راولپنڈی اور رحیم یارخان میں 15 فیصد پر پہنچ گئے ہیں۔کمیٹی کی جانب سے کرونا سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں ایس او پیز  پر عمل درآمد مزید سخت کرنے کی تجویز  پیش کی گئی ہے۔ ایرانی حکومت نے ملک کے 31 میں سے 23 صوبوں میں لاک ڈائون نفاذ کر دیا۔ کاروبار، سکول، تھیٹر اور کھیلوں کے میدان اور مراکز بند رہیں گے اور رمضان المبارک کے دوران میں اجتماعات پر پابندی عائد ہوگی۔ دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 13 کروڑ 60 لاکھ 20 ہزار 993  جبکہ اموات 29 لاکھ 39 ہزار 234  ہو گئیں۔ لاہور 1408، ننکانہ 7، قصور 30، شیخوپورہ 16، راولپنڈی 169، جہلم 11، چکوال 2، اٹک 14،  مظفرگڑھ 12، حافظ آباد 24 اور گوجرانوالہ میں 41 کیسز رپورٹ ہوئے۔سیالکوٹ 44، نارووال 10، گجرات 18، منڈی بہاؤالدین 20، ملتان 128، خانیوال 14، راجن پور 1، لیہ 1، ڈیرہ غازی خان 5 اور وہاڑی میں 16،فیصل آباد 201، چنیوٹ 27، ٹوبہ ٹیک سنگھ  8، جھنگ 5 اور رحیم یار خان میں 21 ،سرگودھا 83، میانوالی 16، خوشاب 13، بہاولنگر 8، بہاولپور 54، لودھراں 13، بھکر 21، ساہیوال 21، پاکپتن 16 اوراوکاڑہ میں 17 کیس سامنے آئے۔ پنجاب میں کل سے 10 دن کے لیے سرکاری ونجی میڈیکل کالجز اور نرسنگ سکولز بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے کے سرکاری ونجی میڈیکل کالجز اور نرسنگ سکولز  12اپریل سے 10دن کے لیے بند رہیں گے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ بڑھتے کیسز کے باعث محکمہ صحت پنجاب نے لاہور سمیت صوبے کے 7 اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بندکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن