بلاول نے پی ڈی ایم نوٹس پھاڑ ڈالا
کراچی (وقائع نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو نے شاہد خاقان کا شوکاز نوٹس پھاڑ کر پھینک دیا۔ تفصیل کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس ہوا جس میں پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کا معاملہ زیربحث آیا۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے شرکاء کو شاہد خاقان عباسی کا شوکاز نوٹس پڑھ کر سنایا اور پھر اسے پھاڑ کر پھینک دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکاز نوٹس پھاڑے جانے پر سی ای سی کے شرکاء کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کیلئے کرتے ہیں‘ عزت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل میں اپوزیشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ زرداری نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آئی ایم ایف ڈیل، ملکی معیشت اور سٹیٹ بنک آرڈیننس پر بھی بات چیت کی گئی۔ جبکہ پی ڈی ایم کی جانب سے استعفوں کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں عوام کا مقدمہ لڑیں گے۔ پیپلز پارٹی کے اہم اجلاس میں ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر سمیت دیگر اہم پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدہ سے مستعفی ہونے کی پیشکش کی۔ سی ای سی نے متفقہ طور پر یوسف رضا گیلانی کی مستعفی ہونے کی تجویز مسترد کر دی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارٹی سمجھتی ہے تو مستعفی ہونے کو تیار ہوں۔ میرے لئے عہدہ کوئی معنی نہیں رکھتا۔ اصولوں کی خاطر وزیراعظم کی کرسی کو ٹھوکر مار دی تھی۔ شرکاء نے کہا کہ آپ کو مستعفی ہونے کی ضرورت نہیں۔ پارٹی آپ کے ساتھ ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کی تجویز کی مخالفت کی۔ شرکاء نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سینٹ کا عہدہ پیپلز پارٹی کا حق ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کو پی ڈی ایم میں رہنا چاہیے یا نہیں کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔ پی ڈی ایم اتحاد کے حوالے سے ارکان نے مختلف تجاویز دیں۔ ارکان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سے بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ اے این پی جیسے سخت فیصلے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں پی ڈی ایم سے متعلق آپشنز پر غور کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کا سی ای سی کا اجلاس آج دوسرے روز بھی جاری رہے گا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سی ای سی کا اجلاس آج صبح تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ انشاء اللہ آج دوپہر پریس کانفرنس کی جائے گی۔