• news

پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا پی ایس ایل کروناپروٹوکولز کی خامیوں پر اظہار مایوسی 

لاہور(سپورٹس  رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز نے پی ایس ایل میںکروناپروٹوکولز کے حوالے سامنے آنے والی خامیوں پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور مناسب اقدامات کرنے اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیا ہے۔ اجلاس میں پی ایس ایل 2021 ء کے بائیو سکیور  پروٹوکولز اور ضمنی قوانین کے جائزے کیلئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی ہدایت پر تشکیل کردہ دو رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پر مبنی  پریزنٹیشن پیش کی گئی۔بورڈ آف گورنر نے رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد رپورٹ میں سامنے آنے والی خامیوں پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس میں بہتری کیلئے مناسب اقدامات کیے جائیں۔ مربوط اور سخت پروٹوکولز کے نفاذ سمیت فیکٹ فائنڈنگ پینل کی جانب سے پیش کردہ تمام تجاویز کی تائید کی ہے جس میں شرکاء کی صحت اور حفاظت کے پیش نظرمقررہ کروناایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے تمام افراد کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانا بھی شامل ہے۔بورڈ آف گورنر کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل 2021 ء کے بقیہ میچز کا انعقاد ایک محفوظ ماحول میں کرنا چاہتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن