روہیلانوالی ،کم عمرجوڑے کی شادی،پولیس نے رخصتی ناکام بنادی
مظفرگڑھ، گلاب والہ(نامہ نگار)پولیس نے شادی کی تقریب میں چھاپہ مار کر کم عمر لڑکی کی رخصتی کی کوشش ناکام بنادی،لڑکی کی رخصتی 15 سالہ لڑکے کیساتھ کی جارہی تھی.تفصیلات کیمطابق تھانہ روہیلانوالی کے علاقے موضع بستی جلال میں پولیس نے شادی کی تقریب میں چھاپہ مارا.پولیس کیمطابق چھاپے کے دوران 14 سالہ لڑکی کی زبردستی رخصتی کی کوشش ناکام بنادی گئی.پولیس کیمطابق 14 سالہ راحیلہ بی بی کا نکاح 15 سالہ امیر حمزہ سے جمعرات کے روز کیا گیا تھا اور کم عمر لڑکی کی زبردستی رخصتی کی جارہی تھی پولیس نے موقع سے ملزمان عبدالرشید عرف بادشاہ، محمد شبیر اور دولہا امیر حمزہ کو گرفتار کرکے 5 افراد کیخلاف تھانہ روہیلانوالی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے.پولیس کیمطابق مقدمے میں نامزد نکاح خواں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ایس پی انوسٹی گیشن جاوید احمد خان کا کہنا تھا کہ تھانہ روہیلانوالی پولیس نے بروقت کارروائی کر کے بہت بڑے جرم کے ارتکاب کو روک لیا پولیس ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔