یمنی علاقے مارب میں خونریز لڑائی، 50سے زائد افراد ہلاک
صنعاء (این این آئی )جنگ زدہ ملک یمن کے علاقے مارب کی جنگی صورت حال میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔ منصور ہادی حکومت کی حامی فوج اور حوثی باغیوں کی درمیان ہونے والی جھڑپوں میں پچاس سے زائد افراد مارے گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق مارب میں جاری جنگ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تریپن بتائی گئی ہے۔ ان ہلاکتوں کے حوالے سے ہادی حکومت کی فوج کا بیان سامنے آیا ہے۔ اس بیان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے زائد عرصے میں اس کے بائیس فوجی مارے گئے اور حوثی ملیشیا کے اکتیس جنگجووں کو ہلاک کیا گیا ۔حوثی ملیشیا اپنی ہلاکتوں کے بارے میں کم ہی بیان دیتی ہے اور اکتیس ہلاک ہونے والوں کی بھی تصدیق نہیں کی گئی۔ اس جنگ میں فریقین کے کئی افراد زخمی بھی ہوئے تاہم دونوں اطراف نے اس مناسبت سے کوئی بیان نہیں دیا۔ رواں برس مارچ میں ہونے والی جھڑپوں میں نوے انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ تاریخی یمنی علاقہ مارب بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ منصور ہادی حکومت اور ایران نواز حوثی ملیشیا کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس پر قبضے کی جنگ میں ہادی حکومت کی حامی فوج کو حوثی ملیشیا کے جنگجووں کی شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔حوثی ملیشیا کو تہران حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ دوسری جانب منصور ہادی حکومت کی حمایت سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کر رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق یمن کی جنگی صورت حال ایران اور سعودی عرب کے درمیان 'پراکسی وار کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔جنگ سے تباہ شدہ ملک یمن کا علاقہ مارب دارالحکومت صنعا سے مغرب کی سمت ایک سو بیس کلومیٹر یا پچھتر میل کی دوری پر ہے۔