غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر کی صورتحال عالمی امن کیلئے خطرہ: پاکستان
نیویارک (انٹر نیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے کہا ہے کہ کشمیر میں پاکستان اور بھارت کے مابین صورتحال بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ امریکا کے آرمی وار کالج کے زیراہتمام آن لائن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر اس وقت مرکز نگاہ بنا جب بھارت نے 2019ء میں اس کی خصوصی حیثیت ختم کی اور مقبوضہ علاقے کو دوحصوں میں تقسیم کر دیا۔ اس کے نتیجے میں پاکستان نے ان غیر قانونی اقدامات کے خلاف آواز اٹھائی۔ بھارت کی طرف سے بڑی تعداد میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے بعد توپیں خاموش ہو گئی ہیں اور امید ہے کہ وہ خاموش ہی رہیں گی۔ اقوام متحدہ میں موجود کئی تازہ امور میں پاکستان کے مفادات ہیں۔ پاکستان نے امریکا اور طالبان کے درمیان سمجھوتے کیلئے سہولت کاری کی تاکہ افغانستان سے باضابطہ اور ذمہ دارانہ انداز سے انخلاء ہو سکے اور افغان فریقوں کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں سیاسی اتفاق رائے ہو سکے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں 80 ہزار جانوں کا نقصان ہوا۔