سعودی عرب میں کروناویکسین کی پہلی خوراک کی مہم میں توسیع،دوسراانجیکشن موخر
ریاض (این این آئی )سعودی عرب کی وزارت صحتِ نے کووِڈ۔19 کی ویکسین کا دوسرا انجکشن لگانے کی مہم مخر کرنے کااعلان کیا ہے اور اس سے پہلے معاشرے کے تمام افراد بالخصوص خطرے سے دوچار گروپوں کو ویکسین کا پہلا انجکشن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جن لوگوں کو ویکسین کی دوسری خوراک لگانے کا وقت اور دن طے کیا جاچکاتھا،اس کواب اتوار 11 اپریل سے ملتوی کیا جارہا ہے۔اب انہیں دوسرا انجکشن لگانے کی تاریخوں کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔وزارت صحت نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ویکسینوں کی عالمی سطح پر رسد میں کمی کے پیش نظر کیا گیا ہے کیونکہ کووِڈ-19 کی ویکسین تیار کرنے والی کمپنیاں دنیا کے ملکوں کی مانگ کو پورا نہیں کرپارہی ہیں اور وہ ان ملکوں سے طے شدہ سودے کے مطابق ویکسین کی خوراکیں مہیا نہیں کررہی ہیں۔اس صورت حال کے پیش نظرمملکت کی بیشترآبادی کو پہلے ویکسین کی پہلی خوراک لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بالخصوص خطرے سے دوچار گروپوں کو پہلے ویکسین لگائی جائے گی۔سعودی حکام نے تمام شہریوں اور مکینوں کو ہدایت کی کہ وہ ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے کے لیے صحتی ایپ پرفوری طور پر اپنے ناموں کا اندراج کرائیں۔خاص طور پرخطرے سے دوچار افراد اپنے ناموں کا ضرور اندراج کرائیں۔اس وقت سعودی عرب بھرمیں قریبا 600 ویکسی نیشن مراکزکام کررہے ہیں اور وہاں شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 کی مفت ویکسین لگائی جارہی ہیں۔ان کے علاوہ مزید ویکسی نیشن مراکز بھی کھولے جارہے ہیں۔