بجٹ میں سی پیک منصوبوں‘ اکناک زونز کو خصوصی مراعات دینگے: عبدالرزاق داؤد
فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل، اکنامک زونز کی ڈویلپمنٹ اور ٹیکسٹائل میں نئی پروڈکٹ لائنز متعارف کرانے کے لیے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ یہ بات وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہی۔ وہ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے خام مال کی درآمد کو ڈیوٹی فری کیا جائے گا اور سٹیٹ بنک کے ذریعے خصوصی سکیمیں متعارف کرائی جائیں گی۔ اسی طرح الائیڈ انڈسٹری کو سپورٹ کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ وفاقی مشیر نے کہا کہ ٹیکسٹائل، لیدر، گلاس اور سرامکس انڈسٹری پر خصوصی فوکس اکنامک زونز میں نئی انڈسٹری کو ترجیح دی جائے گی ۔ علاوہ ازیں ٹیکسٹائل کے شعبے میں وومن وئیرز کی ویسٹرن لائن اور ٹیکنیکل شعبے کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ برانڈز اور غیرملکی گاہکوں کے لیے لاہور اور کراچی میں سورسنگ پارک بنایا جائے گا جبکہ اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈو سروس ایکٹ لایا جا رہا ہے تاکہ انہیں درکار تمام سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ چیئرمین فیڈ مک نے انہیں اکنامک زونز میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق آگاہ کیا۔