موبائل ٹرک کچن‘ حکمران قوم پر غلامی کا جال ڈال رہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قومیں غلامی سے نہیں خودکار نظام سے آگے بڑھتی ہیں۔ آئی ایم ایف کے ایجنڈے میں ملک کو معاشی طور پر مزید کمزور کرنا پہلا ہدف ہے۔ حکمران موبائل ٹرک کچن کا جال پھیلانے کی آڑ میں قوم پر غلامی کا جال ڈال رہے ہیں۔ ملک میں مسائل کا حل لنگر خانے اور موبائل ٹرک کچن نہیں بلکہ نئے کارخانے اور روز گار ہے۔ ملک میں مہنگائی خوف ناک شکل اختیار کر چکی ہے۔ ماہ رمضان سے پہلے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ کرونا کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے لاکھوں دیہاڑی دار مزدوروں اور عام آدمی کیلئے افطاری اور سحری کا انتظام کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ اگر صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز لوگوں کے منہ کا نوالہ بھی چھین لیں گے۔ ملک میں اسلامی نظام ہی خوشحالی کا ضامن ہو سکتا ہے۔ حکومت رمضان کے مبارک مہینے میں ریاست مدینہ کا اپنا وعدہ پورا کرے۔ جماعت اسلامی ملک میں اللہ کا نظام نافذ کرنا چاہتی ہے۔ رجوع الی اللہ اور استغفار میں ہی تمام تکلیفوں کا حل موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمرگرہ میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا حکومت نے بارہ سو ارب روپے کے جس امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا اگر اس کو استعمال کیا گیا ہوتا تو آج ہسپتالوں کی یہ صورت حال نہ ہوتی۔ سراج الحق نے الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضاکاروں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے علاقوں میں غریب بستیوں میں رہنے والوں کی طرف خصوصی توجہ دیں اور ان کے سحر و افطار کا خیال رکھا جائے۔