کوٹلی،کار کھائی میں جا گری،6افراد جاں بحق
مظفر آباد+ میانوالی+ سرگودھا (نامہ نگاران+ نیٹ نیوز) نکیال روڈ پر کار گہری کھائی میں گرنے کے باعث بچے سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سرگودھا روڈ پر چور والا پل کے قریب موٹر سائیکل اور روڈ تعمیر کرنے والے گرائنڈر مشین میں ٹکر سے دو خواتین جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر جھنگ میں ڈمپر اور موٹر سائیکل میں تصادم کے دوران بچہ، خاتون جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کوٹلی نکیال روڈ پر کار گہری کھائی میں گرگئی، جس کے باعث کار میں سوار 6 افراد جاں بحق اور دو افراد شدید زخمی حالت میںہسپتال منتقل کردیئے گئے۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ کار نکیال کے علاقے موہڑہ نارہ سے کوٹلی آ رہی تھی اور اس میں 8 افراد سوار تھے، کار راستے میں حادثے کا شکار ہوکر 500 فٹ گہری کھائی میں جا گری، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں اور مقامی افراد نے آپریشن شروع کردیا، تاہم ایک بچے سمیت 4 افراد دم توڑ چکے تھے، 4 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جب کہ دو افراد کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ ادھر میانوالی ٹریفک حادثہ میں جاں بحق دونوں خواتین کی شناخت 45 سالہ غفوراں بی بی، 25 سالہ شازیہ بی بی شامل ہیں۔ جو کہ 25 ڈی بی واں بھچراں کی رہائشی تھیں۔ جبکہ 30 سالہ عدنان اور 2 سالہ بچہ اذان زخمیوں میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں تحصیل اٹھارہ ہزاری حسو بلیل لیہ روڈ پر دوموٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جبکہ پیچھے سے آنے والے ڈمپرکی زد میںآ کر موٹر سائیکل سوار 26 سالہ ثمینہ بی بی اور 5 سالہ محمد ریحان موقع پر جاں بحق ہو گئے اور 28سالہ محمد رمضان اور 50سالہ نواز شدید زخمی ہو گئے ۔ شدید زخمیوں کو ریسکیو 1122نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ منتقل کر دیا ہے جہا ں زخمیوں کی طبی امداد جاری ہے ۔