• news

پاکستان مضبوط ہو رہا، گورنر‘ 4ارب کے صاف پانی منصوبوں کا اعلان

لاہور (نیوز رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا آئندہ ماہ سے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 4ارب روپے کے نئے منصوبے شروع کر نے کا اعلان‘ رواں ہفتے جنوبی پنجاب میں ملتان اور مظفر گڑھ میں عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے فلٹر یشن پلانٹس کا افتتاح بھی کیا جائیگا۔گورنر پنجاب و پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پیٹرن انچیف چوہدری محمد سرور نے اتھارٹی کے چیئر مین ڈاکٹر شکیل احمدکے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے معاملے پر بیوروکریسی‘ پنجاب حکومت اور آب پاک اتھارٹی سمیت ہم سب ایک پیج پر آچکے ہیں جسکی وجہ سے پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے نئے منصوبوں پر تیزی کیساتھ کام شروع کیا جا رہا ہے اور مئی میں پنجاب بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے 4ارب روپے کے نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ قومی خزانہ کی ایک ایک پائی کا تحفظ کر یں گے۔ ان منصوبوں میں کسی قسم کی سیاسی تفر یق نہیں کی جا رہی۔گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان مضبوط ہو رہا ہے اور پہلی بارکوئی حکومت ملک میں عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی پر کام کر رہی ہے۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق ڈاکٹر تنویر حسین بھٹی‘ ربیعہ افضل واہلہ عثمان سعید اور کرن خورشید بھی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی میں شامل ہو گئے۔ محمد جہانگیر اقبال خان نے بطور فنانس سیکرٹری حلف لیا۔ گورنر پنجاب اور وائس چانسلر نے نئی ایگزیکٹو کمیٹی کو مبارکباد دی۔ گورنر پنجاب کا کہنا ہے پنجاب بھر کی تمام یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کو میرٹ پر لگایا ہے۔ سنڈیکیٹ ممبران وائس چانسلرز کو سپورٹ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن