اختیارات سے تجاوز کرنے پر ہیلتھ کیئر اتھارٹی کا سربراہ فارغ
اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی) اختیارات سے تجاوز کرنے پر ہیلتھ کیئر اتھارٹی کے پہلے سربراہ کو فارغ کردیا گیا ۔ڈاکٹرعلی حسین نقوی کو خصوصی کمیٹی کی سفارش پر برطرف کیا گیا ان پر اختیارات سے تجاوز اور مس کنڈکٹ سمیت ہیلتھ اتھارٹی کے فنڈز کے غیر قانونی استعمال کے الزامات تھے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر علی حسین نقوی بغیر اطلاع دئیے چودہ دن دفتر سے غیرحاضر رہے، بیرون ملک ہونے کے باوجود محکمے سے تنخواہ لیتے رہے، ڈاکٹر حسین نقوی نے ہیلتھ اتھارٹی کیلئے خلاف قواعد خریداریاں کیں، لیبارٹریز،ہسپتالوں پر خلاف قواعد چھاپے مارتے رہے، ڈاکٹرعلی حسین نقوی کو 17 مارچ کو شوکاز جاری کیا گیا تھا، جس میں بورڈ نے ڈاکٹر علی نقوی سے الزامات کی وضاحت طلب کی تھی۔ ڈاکٹر علی نقوی نے19 مارچ کو الزامات کا تحریری جواب جمع کرایا، 29 مارچ کو ڈاکٹر نقوی کا کیس سننے کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کی گئی اور انہیں سات اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا، ڈاکٹر نقوی سات اپریل کو خصوصی کمیٹی کے روبرو پیش نہ ہوئے، جس پر خصوصی کمیٹی نے نو اپریل کو سفارشات آئی ایچ آر اے بورڈ کو جمع کرائیں۔