کرنا مزید 58اموات شدید متاثرہ شہریوں میں مکمل لاک ڈائون کی تجویز مسترد
اسلام آباد، لاہور (نیوز رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+وقائع نگارخصوصی+شنہوا) کرونا وائرس کے باعث خیبر پی کے کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں مزید58 اموات رپورٹ،12 مریض وینٹیلیٹرز پر تھے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے مطابق4584 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 34 ہزار 835 ہو چکی ہے۔ گلگت بلتستان,آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے۔ متاثرین کی تعداد7 لاکھ 25 ہزار602 ، جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد15 501 ہے، ملک بھر میں مختص 630 ہسپتالوں میں 4 ہزار 979 مریض زیر علاج ہیں۔ علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ موخر کردیا۔ پندرہ فیصد سے زائد مثبت کیسز والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز منظور نہ ہوسکی۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ایس او پیز پر عملدر آمدکمزور، ہسپتالوں پر دبائو بڑھ گیا ہے۔ این سی او سی نے کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو مزید سخت کرنے اور پہلے سے جاری اقدامات کو مزید دو سے تین روز مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا۔ مانیٹرنگ کے نتائج کی روشنی میں دوبارہ اجلاس بلا کر فیصلے کیے جائیں گے۔ صوبوں کو کرونا ایس او پیز پر مزید سختی سے عمل درآمد کی سفارش، پولیس کے ذریعے ایس او پیز کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر صحت پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ جس مارکیٹ میں ایس اوپیز پر عمل نہیں ہوگا اسے بند کردیا جائے گا۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے بتایا کہ پنجاب کو گزشتہ روز 100وینٹی لیٹر مل گئے ہیں۔ پچاس لاہور کے ہسپتالوں کو باقی پنجاب کے مختلف اضلاع میں تقسیم کر دیئے گئے۔ وینٹی لیٹرز بیڈز کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی۔60 سال سے زائد کے بزرگ رمضان میں مساجد میں نہیں جائیں گے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ویکسین کرونا وائرس سے بچا کرتی ہے لیکن 100 فیصد نہیں، لہذا ویکسین کے ساتھ احتیاط کی بھی ضرورت ہے۔ کرونا ایس او پیز پر50 فیصد کے قریب عمل کیا جا رہا ہے۔ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ کاروبار کے اوقات کار پر عمل درآمد نہیں ہورہا ، ماسک کا استعمال بہت کم ہے۔ انہوں نے علمائے کرام سے گزارش کی کہ وہ اپنا پورا کردار ادا کریں جیسے گزشتہ برس رمضان المبارک میں ان کی مدد سے ایس او پیز پر بہت مئوثر عملدرآمد ہوا اور وبا کے پھیلا کو روکنے میں اب بھی ان کی معاونت بہت کارآمد ثابت ہوگی۔ معاون خصوصی نے ایک مرتبہ پھر اپیل کی کہ 50 سال سے معمر افراد ویکسینیشن کے لیے خود کو رجسٹر کروائیں اور 60 سال سے بڑی عمر کے افراد مقررہ تاریخوں پر جا کر ٹیکے لگوائیں جبکہ 65 برس سے معمر افراد کے لیے واک ان ویکسینیشن کی سہولت موجود ہے وہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر میاں جاوید لطیف ایم این اے بھی کرونا وائرس کاشکار ہو گئے۔ جنہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا تمام دوستوں سے دعائیں صحت کی اپیل بھی کی ہے۔ پی سی بی کے دو ملازمین کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔ حافظ محمد بلال کا تعلق ڈومسٹیک کرکٹ کے شعبے سے تھا۔ فلک شیر پی سی بی کے سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ سے تھے۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت سے 40 لاکھ کرونا ویکسین ملنی تھیں لیکن خارجہ پالیسی کے باعث کرونا ویکسین نہیں دیں۔ ایک سوال پر کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن پر 70 فیصد عمل ہو جائے تو لاک ڈاؤن نہ ہو۔ عمل ہی نہیں ہوتا تو کاغذی کارروائی کا کیا فائدہ۔