جہانگیر ترین بیٹے کی آج ایف آئی اے پیشی برطانیہ اثاثو ں کی تفصیلات طلب
لاہور/ ملتان (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+ سپیشل رپورٹر) چینی سکینڈل کیس کی تحقیقات میں ایف آئی اے نے جہانگیر ترین اور علی ترین کو آج بروز منگل کو طلب کرلیا۔ 13 اپریل تک آٹھ سوالوں کے جواب مانگ لئے۔ پی ٹی آئی رہنما کمپنی سیکرٹری کے ذریعے بھی جواب جمع کرا سکتے ہیں۔ جہانگیر ترین اور علی ترین کی کمپنیوں کے چیف فنانشل افسران اور سیکرٹری بھی جواب جمع کرا سکتے ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ ایف آئی اے اگست 2020 سے ان سوالات کے جواب مانگ رہی ہے، جہانگیر ترین نے جمعہ کے دن سوالات کے جوابات دینے کا وعدہ کیا۔ نوٹس میں مزید کہا گیا کہ فارمز کی تمام مشینری کی اصل رسیدیں جمع کروائیں۔ جے کے فارمز کی 35 ہزار ایکڑ کے رقبے کے ثبوت جمع کروائیں۔ ایم سی بی کی رپورٹ جمع کروائیں۔ مشینری اور 35 ہزار ایکڑ رقبے کی تخمینہ رپورٹ جمع کروائی جائیں۔ حکومت نے برطانیہ سے جہانگیر ترین کے مالی اثاثوں سے متعلق تفصیلات مانگ لیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد کے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کا جہانگیر ترین کے اثاثوں سے متعلق خط پاکستان ہائی کمیشن نے برطانوی حکام کو پہنچا دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ لندن میں جہانگیر تریں کے 8 ملین پاؤنڈ کے گھر کے علاوہ دیگر اثاثوں کی تفصیلات بھی پاکستان حکام کو ہنگامی بنیادوں پر درکار ہیں۔ دریں اثناء ملتان پہنچنے پر جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی رہنما سلمان نعیم کی جانب سے ظہرانہ میں شرکت کی جہاں مشیر وزیر اعلیٰ عبدالحئی دستی بھی موجود تھے۔ اس موقع جہانگیر خان ترین سے انکے کیسز کے حوالے سے سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ وہ سلمان نعیم کے کھانے پر آئے ہیں سیاست لاہور چھوڑ کر آیا ہوں۔ اس موقع پر سلمان نعیم نے کہا کہ ہم جہانگیر خان ترین کے ساتھ ہیں۔ جہانگیر ترین پر امید ہیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ختم ہوگی۔ دریں اثناء جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی رہنما اسحاق خان خاکوانی کی والدہ کی وفات پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر علی ترین، صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال، ایم این اے راجہ ریاض، ایم این اے نیاز جکھڑ، سابق صوبائی وزیر و ایم پی اے زوار وڑائچ، ایم پی اے سلمان نعیم و دیگر بھی موجود تھے۔