• news

بیٹنگ چلی نہ بائولنگ‘ پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں دوسرے ٹی20میں شکست

جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی 20میں پاکستان کو6وکٹوں سے ہرادیا۔پاکستان نے دوسرے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا ہے۔جو اس نے چارکے نقصان پر14اوورز میں پورا کرلیا۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر صرف 140 رنز ہی بناسکی۔ بابراعظم نصف سنچری بنانے والے واحد بلے باز تھے۔قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان کے ساتھ شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پچھلے میچ کے ہیرو پہلی ہی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور شرجیل خان کی اننگز بھی صرف 8 رنز تک محدود رہی۔کپتان بابراعظم اور محمد حفیظ نے تیسرے اوور کے لیے 58 رنز کی اہم شراکت قائم کی حفیظ 32 رنز بناکر جارج لنڈے کا تیسرے شکار بنے۔ حیدر علی ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف کی اننگز بھی 5 رنز تک محدود رہی۔کپتان بابراعظم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کے مناظر دیکھتے رہے۔ انہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اس دوران حسن علی نے مسلسل 2 گیندوں پر 2 چھکے لگاکر پاکستانی کیمپ میں کچھ امید قائم کی تاہم وہ تیسری گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ کپتان بابراعظم بھی 50 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے۔ محمد نواز بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔جنوبی افریقا کی جانب سے لیذاڈ ولیمز اور جارج لنڈے نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں میزبان ٹیم نے ہدف14 اوورز میں4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم نے 30گیندوں پر 54رنز کی اننگز کھیلی۔کلاسین نے 36جبکہ لنڈے نے 20رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ای پیپر-دی نیشن