• news

ہال آف فیم کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کا اظہار مسرت

لاہور(سپورٹس رپورٹر) لیجنڈری کرکٹرز ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس نے پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان تین سابق کھلاڑیوں کے علاوہ عمران خان ،جاوید میانداد اور حنیف محمد بھی پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہیں۔ پی سی بی نے ابتدائی طور پر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل تمام چھ پاکستانی کرکٹرز کو پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا ہے۔ رواں برس سمیت اب ہر سال مزید تین شخصیات اس فہرست میں شامل ہوتی رہیں گی۔ پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی نئی شخصیات کا اعلان ہر سال  16 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ یہ وہی تاریخ ہے۔ جب 1952ء میں پاکستان نے پہلی مرتبہ کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ 78 ٹیسٹ میچوں میں 5062 رنز بنانے والے ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننا ان کے لیے مسرت کا باعث ہے۔ اپنے ادارے کی طرف سے ملنے والے  ایسے اعزازات کسی بھی سپورٹس مین کی محنت کا ثمر ہوتے ہیں۔ ظہیر عباس نے مزید کہا کہ ان اعزازات سے نا صرف نوجوان کھلاڑیوں  میں ملک کی نمائندگی کا جذبہ بڑھے گا بلکہ وہ محنت کو بھی اپنا شعار بنائیں گے۔ 104 ٹیسٹ میچوں میں 414 وکٹیں اور 356 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 502 وکٹیں حاصل کرنے والے لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننا قابل فخر لمحہ ہے۔امید ہے کہ ہر سال مزید مایہ ناز پاکستانی کرکٹرز اس فہرست کا حصہ بنتے چلے جائیں گے۔ اس اقدام کے آغاز پر پی سی بی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایسے اقدامات سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ پاکستان کی جانب سے 87 ٹیسٹ میچوں میں 373 وکٹیں حاصل کرنے والے وقار یونس نے ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میں 262 میچز میں 416 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننے پر وہ بہت خوش ہوں۔  بطور کھلاڑی، کپتان، کوچ اور کمنٹیٹر اپنی زندگی کے 30 سال اسی کھیل کے نام کر چکا ہوں۔ اسی کھیل کی وجہ سے ایک اور اعزاز سے نوازا جارہا ہے۔ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا ئے کرکٹ کے مختلف میدانوں پر باؤلنگ کرنے پر فخر ہے ، یہ اعزازات نوجوانوں  میں کرکٹ کا شوق اور جذبہ بڑھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن