ہسپانوی لا لیگا، ریال میڈرڈ نے بارسلونا کو 1-2 سے شکست دے دی
میڈرڈ (اے پی پی)ہسپانوی لا لیگا میں ریال میڈرڈ نے بارسلونا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ گرینیڈا نے ریال ویلا ڈولڈ اور اوسا سونا نے ولار ریال کو شکست سے دوچار کیا۔ اٹلیٹیکو میڈرڈ اور ریال بیٹس کے درمیان کھیلا گیا میچ برابر رہا۔ لالیگا کے سنسنی خیز مقابلوںکا سلسلہ سپین میں جاری ہے۔ گزشتہ روز الفریڈو سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ریال میڈرڈ نے اہم میچ میں بارسلونا کو 1-2 سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے کریم بینزیما اور ٹونی کروز نے ایک، ایک گول کیا۔ اس فتح کے بعد ریال میڈرڈ کی ٹیم 66 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ جوز زوریلا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گرینیڈا نے ریال ویلا ڈولڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے جارج مولینا اور کوئنی نے ایک، ایک گول کیا۔ سیرامک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اوسا سونا نے ولار ریال کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دی جبکہ بینیٹو ولامارین سٹیڈیم میں اٹلیٹیکو میڈرڈ اور ریال بیٹس کے درمیان کھیلا گیا میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔