روسی کھلاڑی ورونیکا کدرمیٹووا نے چارلسٹن اوپن ٹینس ٹورنا منٹ جیت لیا
چارلسٹن(اے پی پی) روس کی ٹینس کھلاڑی ورونیکا کدرمیٹووا نے چارلسٹن اوپن ٹینس ٹورنا منٹ جیت لیا۔ انہوں نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں تیونس کی انس جبیر کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا ڈبلیوٹی اے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ چارلسٹن اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فیملی سرکل ٹینس سینٹر میں جاری تھا ۔ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں روس کی ٹینس کھلاڑی ورونیکا کدرمیٹووا کا مقابلہ تیونس کی انس جبیر سے تھا جس میں روسی کھلاڑی نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف تیونس کی انس جبیر کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 2-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ امریکہ کی ٹینس کھلاڑی نکول ملیچر اور ان کی ہالینڈ کی جوڑی دار ڈیمی شورس نے چارلسٹن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ویمنز ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ انہوں نے خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں جمہوریہ چیک کی میری بوزکووا اور ان کی ہم وطن جوڑی دار لوسی ہارڈیکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ چارلسٹن میں دلچسپ مقابلے فیملی سرکل ٹینس سینٹر میں جاری تھے ۔