احد چیمہ جیل سے رہا‘ تحریری حکم بھی جاری
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ سٹاف رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی ضمانت پر رہائی کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ تحریری حکم میں کہاگیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل میں تاخیر کی بنیاد پر احد چیمہ کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ ملزم کو غیر معینہ عرصے کے لئے پراسیکیویشن کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ ریفرنس کی سماعت 66 مرتبہ التوا کا شکار ہوئی، پراسیکیویشن نے 24 مرتبہ التوا کی درخواست دی۔ غیر ضروری تاخیر پر عدالتی فیصلے موجود ہیں۔ عدالتی فیصلوں کی نظیر میں تاخیر ضمانت کا بہترین جواز ہے۔ ریفرنس میں تاخیر عدالتی کاروائی درست عمل نہیں ہے۔ احد چیمہ 39 ماہ کی طویل ترین حراست میں رہے۔ احد چیمہ کو فروری 2018ء میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب نوازشریف کی حکومت تھی۔ علاوہ ازیں احد چیمہ کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔عدالت کی جانب احد چیمہ کے رہائی کے احکامات روبکار جیل حکام کو پیش کی گئی۔ جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔