آج پہلا روزہ: صدر‘ وزیراعظم جوبائیڈن‘ بورس جانسن‘عثمان بزدار طاہر القادری‘ حمزہ شہباز کی مبارکباد
لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + وقائع نگار خصوصی ) رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا۔ آج پہلا روزہ ہے۔ کراچی‘ لاہور‘ اسلام آباد اور حیدر آباد سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کرتے کہا یکم رمضان المبارک آج پہلا روزہ بروز بدھ 14 اپریل کو ہو گا۔ پوری قوم کو مبارک ہو۔ صدر عارف علوی‘ عمران خان نے کہا میں رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ عزیز ہم وطنو! اس وقت عالم انسانیت کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے۔ رمضان المبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق جن SOPs پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہم سب کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے رمضان المبارک کے آغاز پر امریکا اور دنیا بھرکے مسلمانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کئی مسلمان خاندانوں نے رواں سال کرونا وائرس کے باعث اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ وہ اپنے پیاروں کو یاد کریں گے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی مسلمانوںکو رمضان المبارک کی مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار‘ ڈاکٹر طاہر القادری اور حمزہ شہباز نے بھی پوری امت مسلمہ کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ماہ صیام ایثار کا درس دیتا ہے۔ طاہر القادری نے کہا دعاگو ہیں اﷲ ہمیں کرونا سے نجات دے۔ حمزہ شہباز نے کہا ضرورت مند بہن بھائیوں کا خیال رکھا جائے۔ قبل ازیں مساجد میں رونقیں بڑھ گئیں۔ پہلی تراویح کرونا ایس او پیز کے تحت ادا کی گئی۔