آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی کال پر حافظ آباد میں احتجاجی مظاہرہ
حافظ آباد( نمائندہ نوائے وقت )آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی کال پر حافظ آباد میں احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں ضلعی اور صوبائی قائدین نے شرکت کی۔ ضلعی چئیرمین متحدہ محاز اساتذہ ریاض احمد تارڑ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ہم اساتذہ کے چولہے بجھا دیے ہیں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ چکی ہے اب ہم گورنمنٹ کو زیادہ ٹائم نہیں دے سکتے سمری آنے جانے کہ چکر ختم کیے جائیں۔ اگیگا گوجرانوالہ ڈویژن کے سینئر وائس چیرمین چوھدری زبیر احمد ہنجرا نے کہا کے گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اساتذہ کے مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کرے مگر پنجاب حکومت نے ابھی تک ملازمین کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا۔ جس کی وجہ سے ہم ہر ضلع میں احتجاج کر رہے ہیں اور 15 اپریل کے بعد اگلا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ صوبائی چئیرمین آئی ٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن پنجاب عقیل آزاد نے کہا کہ ریاست پاکستان حکومت کو عوام کے حقوق دینے کا پابند کرتی ہے۔ جبکہ وفاق کی طرز پر ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤئنس 25 فیصد اضافہ کے ساتھ حکومت فوری نوٹیفیکشن جاری کرے اس موقع پر پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب ضلع حافظ آباد کے ضلع صدر چوھدری اصغر علی ہنجرا نے کہا جب تک پنجاب حکومت اپنا وعدہ پوری نہیں کرتی ہم کسی قربانی سے گریز نہیں کرے گے۔ صدر انگلش ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع حافظ آباد نے کہا کہ ہر سال جس قدر مہنگائی بڑھ رہی ہے موجودہ حکومت کا ملازمین کے لئے آمرانہ رویہ رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے سفید پوش سرکاری ملازمین کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ہمارے صبر کو مزید نہ آزمایہ جائے۔ ہمیں ہماری بنیادی مراعات دی جائیں۔