افغانوں کے زیر قیادت امن عمل کی ہمیشہ حمایت کرینگے: جنرل باجوہ، تعلقات بڑھائینگے: امریکی وزیر خارجہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی جون بلنکنز نے ٹیلی فون پر بات چیت کی ۔ دریں اثنا چیف آف آرمی سٹاف سے جاپانی سفیر نے ملاقات کی۔ چیف آف آرمی سٹاف اور امریکہ کے وزیر خارجہ کے درمیان فون پر رابطہ میں باہمی دلچسپی کے امور، افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سکیورٹی پر بات چیت کی گئی۔ بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانوں کے زیر قیادت امن عمل کی حمایت کرے گا جو تمام شراکت داروں کے باہمی اتفاق رائے پر مبنی ہوگا۔ امریکہ کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ دریں اثنا پاکستان میں جاپان کے سفیر متسودا کونینوری نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور علاقائی استحکام کے لیے جاپان کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ جاپانی سفیر متسودا کونینوری نے خطے میں امن اور استحکا م اور خصوصا افغان امن عمل کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔