• news

وکیل کو کرونا: عمران خان ک ی اکبر ایس بابر کی رکنیت کیخلاف درخواست پر کارروائی ملتوی‘ فارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے: اکبر بابر 

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے اکبر ایس بابر کو پی ٹی آئی رکن قرار دینے کے فیصلے کیخلاف چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اپیل پر سماعت پی ٹی آئی کے وکیل کی علالت کے باعث غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے۔ جمعرات کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے معاملہ پر سماعت کی۔ دوران سماعت معاون وکیل نے کیس کے التواء کی استدعا کی اور عدالت کو بتایا کہ وکیل درخواست گزار کو کرونا ہو گیا ہے۔ عدالت نے معاون وکیل کی استدعا منظور کر کے سماعت ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پانچ سال سے فارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عدالت عظمیٰ میں میری تحریک انصاف کی ممبر شپ اور الیکشن کمشن کی جانب سے پارٹی ممبران کے فیصلہ کا دائرہ اختیار چیلنج کیا ہے۔ تحریک انصاف عمران خان کی جماعت نہیں بلکہ ہم سب جو گیارہ افراد تھے ان سب کی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو آگے کیا اور بھرپور سپورٹ کر کے اس مقام تک پہنچایا۔ پارٹی عمران خان کے نام سے رجسٹرڈ نہیں بلکہ تحریک انصاف کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان سب سے پہلے خود کو فارن فنڈنگ کیس میں احتساب کیلئے پیش کرتے۔ اگر عمران خان خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے تو آج جہانگیر ترین ہو یا خسرو بختیار سب کا احتساب ہوتا۔

ای پیپر-دی نیشن