فرانسیسی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کا مشورہ دیدیا
اسلام آباد (خبرنگار) فرانسیسی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کا مشورہ دیدیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو سنگین خدشات پر مشورے میں پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ ہدایت نامے میں کہا گیا کہ پاکستان میں مقیم فرانسیسی شہریوں کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر خطرات لاحق ہیں۔ فرانسیسی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کیلئے یہ فیصلہ پاکستان میں حالیہ پرتشدد مظاہروں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں موجود میں فرانسیسی سفارتخانے نے اس پر بات کرنے سے معذرت کرلی۔ فرانسیسی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ نازک معاملہ ہے، لہذا اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی بیان نہیں دے سکتے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانسیسی حکومت کی جانب سے شہریوں کیلئے صرف سفری ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ ملک چھوڑنے کا نہیں کہا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ فرانسیسی سفارت خانہ کی جانب سے شہریوں کیلئے جاری مشورے سے واقف ہیں۔ تاہم حکومت پاکستان نے ملک میں امن و امان کی بحالی اور جان و مال کی حفاظت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔ ملک میں موجود فرانسیسی سفات خانہ سمیت تمام سفارتخانے اور انکا عملہ مکمل محفوظ ہے۔