حضرت فاطمتہ الزہرہ امت مسلمہ کی خواتین کیلئے عملی نمونہ ہیں :طاہر رضوی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) علماء مشائخ ونگ صاحبزادہ علامہ طاہر رضوی نے کہا ہے کہ حضرت فاطمتہ الزہراہ امت مسلمہ کی خواتین کے لیے عملی نمونہ ہیں۔ مغرب کی تقلید میں تعلیمات اسلامی سے دوری اختیار کرنے کی بجائے بتول معظمہ کی سیرت کی پیروی کرنا ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت فاطمۃ الزہرا کے یوم وصال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ کتنے شرم کا مقام ہے آج خواتین ’’میرا جسم میری مرضی‘‘ کے نام سے سڑکوں پر کھلے عام مارچ کرتی پھر رہی ہیں اور اپنے حقوق کیلئے آزادی کی طلبگار ہیں لہٰذا ان حالات میں امت مسلمہ خواتین کی آزادی کے ان اصولوں کی روشنی میں جدوجہد جو جنابہ سیدہ فاطمۃ الزہرا کی طرف سے مقرر کئے گئے ہیں کیونکہ سیدہ فاطمہ کی پرورش آغوش رسول میں ہوئی، خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنے خاندان، ذاتی معاملات سے لیکر اجتماعی معاملات تک ہر موقع پر سیدہ فاطمۃ الزہرا کی شخصیت کو مدنظر رکھیں، اس کے ساتھ ساتھ اپنی گود سے ایسی نیک سیرت نسلیں معاشرے کو فراہم کریں جو دنیا میں اسلامی انقلاب لانے کی استعداد رکھتی ہوں جیسا کہ حضرت فاطمۃ الزہرا کی پاکیزہ گود سے حسن اور حسین جیسی شخصیات پیدا ہوں جنہوں نے وقت اور تاریخ کے دھارے کا رخ موڑا، آخر میں انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ سیدہ کونین کے یوم ولادت کو یوم خواتین قرار دیا جائے۔