• news

قومی اسمبلی: پرسوںحرمت رسولﷺ پر متفقہ قرار داد پیش ہوگی

اسلام آ باد ( نا مہ نگار )  قومی اسمبلی میں سپیکر اسد قیصر نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو ملک میں امن و امان کی صورتحال اور ناموس رسالت کے معاملہ پر پالیسی بیان دینے کے لئے پیر کو طلب کر لیا، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ حرمت رسول ﷺسے متعلق پیر کو ایوان میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت سے متفقہ قرارداد پیش کی جائے گی۔  اجلاس میں انہوں نے ہاتھ اٹھا کر عہد کیا کہ ہم سب عاشق رسول ﷺہیں۔ حضور اکرمﷺ کی حرمت کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں کر سکتے۔ اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں کی مشاورت سے پیر کو متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی۔ نبی کے عشق کے نام پر سٹیٹ کی اتھارٹی کو چیلنج کرنا درست نہیں، حالات بگاڑے گئے جبکہ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ معاہدہ یہ تھا کہ فرانس کامعاملے کو پارلیمنٹ میں لایا جائے گا، اور اس معاملے پر پارلیمنٹ جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کرونا کی تیسر ی لہر کے پیش نظر اجلاس کے لئے ایس او پیز کے حوالے نوٹس ملا ہے، فیصلہ کیا گیا کہ ہفتہ میں تین دن اجلاس ہو گا اور دورانیہ 2گھنٹے ہو گا،  ہم صرف پیر، بدھ اور جمعہ کو 6 گھنٹے بیٹھیں گے، کیا یہ عوام کے ساتھ انصاف ہے، اگر ایسے چلانا ہے تو پھر بند ہی کردیں، سیدنوید قمر نے کہاکہ قومی اسمبلی کے سیکرٹریٹ کو یک طرفہ ایس او پیز نہیں دینی چاہیے، مشاورت کرنی چاہیے،  سپیکر نے کہا کہ پیر کو اس پر مشاورت کر لیں گے۔ علی محمد خان نے کہا کہ حکومت نے مذہب کی جبری تبدیلی کو روکنے کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی،کمیٹی نے قانون سازی کا ڈرافٹ بنا دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے راہنما ریاض پیرزادہ نے کہا کہ میڈیا پر باپندی ہے، مذہبی جماعتیں تشدد کا راستہ اختیار کر رہی ہے، پارلیمنٹ کو فعال بنایا جائے،سید نوید قمر نے کہا ملک کے حالات چند دن خراب رہے ہیں، تنظیم پر پابندی سے آج تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا، حکومت معاملے پر ایوان کو اعتماد میں لے،مسلم لیگ (ن) کے رہنما عمران احمد شاہ نے کہا اگر ہم تحفظ ناموس رسالت کے لیے کچھ نہیں کرسکتے توعہدوں سے مستعفی ہو جائیں ،  ٹی ایل پی کس نے اور کیوں بنائی، تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔علاوہ ازین  قومی اسمبلی میں برقی توانائی ترسیل تقسیم کا آرڈیننس 2021، تحفظ مخبر و نگران کمیشن بل آرڈیننس 2019پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ، مسلم عائلی قوانین آرڈیننس 2021، قومی کمیشن برائے حقوق بچگان کے ترمیمی بل 2021، سٹیٹ بینک پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن ترمیمی بل 2020پر قائمہ کمیٹی کی رپوٹ پیش کی گئی۔ جمعہ کو نکتہ اعتراض پر کھیل داس کوہستانی نے کہاکہ سندھ میں جبری مذہبی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاڑکانہ میں بیس سالہ آرتی کماری غائب کرکے اس لڑکی کا مذہب تبدیل کرایا گیا۔ ایوان میں اس پر قانون سازی ہونی چاہئے۔ لال چند مالہی نے کہا کہ جبری مذہبی تبدیلی بڑا مسئلہ ہے۔ آرتی کماری کو اغوا کیا گیا مگر سندھ حکومت خاموش ہے۔ سید نوید قمر نے کہا کہ جبری مذہب تبدیلیوں کے واقعات پر سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے افغانستان کے ساتھ گورسل سرحد کھولنے کے معاملے کو بارڈر مینجمنٹ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ شوکت علی نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر چمن‘ انگور اڈا‘ غلام خان‘ کرلاچی کے راستے تجارت ہو رہی ہے‘ یہاں چھ دن تجارت ہوتی ہے اور پیدل لوگوں کے لئے چار دن اجازت کو چھ دن کیا جائے۔ ناوہ پاس اور گورسل بارڈر نوٹیفائیڈ نہیں ہیں اس وجہ سے یہ بند ہیں۔گورسل سرحد کھولنے کے معاملے کو بارڈر مینجمنٹ کمیٹی کو بھیج دیا جائے۔ جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے یہ معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے رواں اجلاس کے لئے پینل آف چیئر پرسنز کا اعلان کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن