جاں بحق پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقات، قربانیوں کو سلام کرتے ہیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار پولیس کے جوانوں کی ڈھارس بندھانے اور حوصلہ دینے خود آ گئے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق اہلکاروں کے ورثا سے ملاقات کی اور جناح ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کانسٹیبل محمد افضل اور کانسٹیبل محمد عمران کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ کانسٹیبل محمد افضل اور شہید کانسٹیبل محمد عمران کے اہل خانہ کو شہید پیکیج دیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچوں کو نوکریاں اور تعلیم دلانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی انعام غنی کو محمد افضل کی ایم ایس سی کیمسٹری پاس بیٹی حفصہ افضل کو فوری طورپر نوکری دینے کے لئے کارروائی جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ محمد عمران کی والدہ رونے لگی تو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دلاسہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کا ہر جوان آپ کا بیٹا ہے۔ عثمان بزدار نے دیگر اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی گھڑی میں حکومت پنجاب آپ کے ساتھ ہے اور ساتھ نبھائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مفلوج کانسٹیبل رضوان علی کے لئے بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کاحکم دیا اور کہاکہ رضوان علی کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا دیکھنا چاہتا ہوں، علاج میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کانسٹیبل محمد امین کی عیادت کی اور پھول پیش کئے۔ وزیراعلیٰ نے مضروب کانسٹیبل محمد فاروق اور حاکم علی کی بھی عیادت کی۔ عثمان بزدار نے کہاکہ پولیس جوانوں اور افسروں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے پنجاب بھر میں امن رہا اور پرسکون نماز جمعہ ادا کی گئی۔ پولیس افسروں اور جوانوں کا ہمت اورحوصلہ قابل تحسین ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس کے اجلاس میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کرنے کے فیصلے کیے گئے۔ بتایا گیاکہ لاہور میں پختہ سڑکوں کے 6 منصوبے 19 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گے۔ شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت لاہور میں4 ماڈل قبرستان بنانے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ ساہیوال کے علاقے ہڑپہ اور چیچہ وطنی میں واٹر سپلائی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ میانوالی میں نیا سٹیٹ آف دی آرٹ لاری اڈہ بنایا جائے گا۔ لاری اڈہ میانوالی میں سیوریج اور ڈرینج کا منصوبہ 13 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ میانوالی میں سیوریج، ٹف ٹائل اور پختہ سڑکوں سمیت متعدد منصوبو ں‘ ضلع میانوالی میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 5 منصوبوں‘ میانوالی شہر کیلئے 4 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی دے دی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ منچن آباد کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال 37 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اجلاس میں کوٹ مٹھن میں خواجہ غلام فرید مزار کے احاطے کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس نے تین یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے۔ بابا فرید یونیورسٹی پاکپتن، کوہ سلیمان یونیورسٹی راجن پور اور یونیورسٹی آف حافظ آباد کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ 2200لیپ ٹاپ پسماندہ علاقوں کے کالجز کو دیئے جائیںگے۔ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کے تحت 5 کالجوں کو ایسوسی ایٹ کالجز کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ عثمان بزدار نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔