فخر زمان کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چوتھا ٹی ٹونٹی ہراکر سیریز جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں 3وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین ایک سے جیت لی ۔ سنچوریں میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔میزبان ٹیم 144رنز پرڈھیر ہو گئی ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا کیونکہ 16 کے مجموعی سکور پر محمد نواز نے ایڈن مارکرم کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بعد ازاں افریقی بلے بازوں نے محتاط انداز سے بلے بازی کرتے ہوئے ‘وہ 11رنز بناسکے ۔ سکور 73 تک پہنچا تو جنے مین میلان بھی33رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ریسائی وینڈر سین52‘کپتان ہنرک کلاسن نو ‘جارج لنڈے تین ‘ویان میولڈر چھ ‘اینڈائل فیلکوایوایک ‘سسندا مگالا سات ‘بورن فور ٹوئن آٹھ‘تبریز شمسی صفر پر آئوٹ ہوئے ۔ لزاڈ ولیمز دو رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ پروٹیز کی تیسری وکٹ 109، چوتھی 112، پانچویں، 119، چھٹی 121، ساتویں 122، آٹھویں 141، نویں 142 اور دسویں 144 پر گری۔جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستانی گیند بازوں کی وجہ سے مقررہ اوورز تک کریز پر نہ ٹک سکی اور 19.3 اوورز میں ہی اننگز ختم کرنے پر مجبور ہوئی‘8کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے تمام وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ فہیم اشرف اور حسن علی نے3،3‘ حارث رؤف نے دو، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم نے ہدف 7وکٹوں پر پورا کرکے میچ اور سیریز جیت لی ۔ جواب میں پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغا زکیا تاہم محمد رضوان پہلے ہی اوور میں دو گیند کھیل کر سٹیمپ آئوٹ ہوگئے ۔ وہ کھاتہ بھی نہ کھول سکے ۔ پہلی وکٹ ایک سکور پر گری ۔ بابر اعظم اور فخر زمان نے سکور کو 92رنز تک پہنچایا تو فخر زمان 34گیندوں پر 60رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ ان کی اننگز میں چار چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے ۔ بابر اعظم 24رنز بناکر کیچ دے بیٹھے ۔حیدر بدستور ناکام رہے اور صرف تین بناکر چلے بنے ۔ محمد حفیظ دس رنز بناکر ایک بار پھر تبریز شمسی کا شکار بنے ۔ آصف علی بھی ایک بار ناکام رہے اور صرف پانچ رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے ۔ فہیم اشرف سات رنز بناسکے ۔ محمد نواز 25اور حسن علی 2رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ لزاڈ ولیمز اورسسندا مگالا نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔فہیم اشرف کو میچ جبکہ بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔